کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت اور دھرنے کی مخالفت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پیپلز پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ دھرنے کی سیاست کے قائل نہیں ہیں، پیپلز پارٹی دھرنا سیاست کی مخالف ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ چند لوگ اسلام آباد میں بیٹھ کر حکومت کو گھر بھیج دیں۔
بلاول بھٹو نے کہا آئین سب کو احتجاج کی اجازت دیتا ہے، جمہوری حق ہے، پیپلز پارٹی شروع سے دھرنے کی سیاست کی مخالف رہی ہے، فضل الرحمان کے آزادی مارچ کی حمایت کی ہے، استقبال کریں گے۔
پی پی چیئرمین نے کہا سندھ حکومت فضل الرحمان کی جماعت سے رابطہ کرے گی، سندھ میں آزادی مارچ والوں کو مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ آزادی مارچ کا شیڈول ملنے کے بعد مقامی رہنما شرکا کا استقبال کریں گے، پیپلز پارٹی کے عہدے دار ہر شہر میں آزادی مارچ کے شرکا کو خوش آمدید کہیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کور کمیٹی اجلاس میں ملک کی صورت حال پر غور کیا گیا، عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے تمام جماعتوں کو ساتھ چلنا ہوگا، مسائل حل کرنے کے لیے جمہوریت کی بحالی ناگزیر ہے، اس وقت ملک میں کئی پارٹیاں اور طبقات احتجاج پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا ہماری اپنی تحریک بھی ملک بھر میں جاری ہے، 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کی یاد میں کراچی میں جلسہ کریں گے، اس ماہ کے آخر تک ہمارا سندھ کا دورہ مکمل ہو جائے گا، آئندہ ماہ سے پنجاب میں انٹری ماریں گے۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا دھرنے سے متعلق پیپلز پارٹی کا مؤقف مختلف ہے، آج فضل الرحمان نے یہ قدم اٹھایا تو کل پی پی بھی ایسا کر سکتی ہے، مشکل ہے کہ دھرنے میں اپنا کردار ادا کروں۔