اسلام آباد: بلاول بھٹوزرداری نے وفاقی وزیر کے عہدے کا حلف اٹھالیا ، صدر مملکت عارف علوی نے بلاول بھٹو سے حلف لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں بلاول بھٹو کی تقریب حلف برداری ہوئی ، جس میں وزیراعظم شہبازشریف،آصف زرداری، آصفہ بھٹو ، یوسف رضاگیلانی،شاہ زین بگٹی،مولانا اسعد محمود شریک ہوئے۔
تقریب میں بلاول بھٹووفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھایا، صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا، بلاول وزارت خارجہ کا قلم دان سنبھالیں گے۔
حلف برداری کے بعد صدر مملکت نے بلاول سے ہاتھ ملایا، وزیراعظم شہباز شریف نے گلے مل کر ان کو مبارکباد دی جبکہ بلاول بھٹو نے آصفہ بھٹو کو بھی گلے لگایا۔
خیال رہے بلاول بھٹو وزیر خارجہ بننے کے بعد پہلا دورہ سعودی عرب کا کریں گے ، بلاول بھٹو زرداری نے شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب جانے کی حامی بھرلی ہے۔
ذرائع نے بتایا تھا کہ سی ای سی نےبلاول بھٹوکی کابینہ میں شمولیت کی توثیق کردی، آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی وزیراعظم سے ملاقات کا امکان ہے ، جس میں سیاسی لائحہ عمل پرغورہوگا۔