گانچھے: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم حقوق کی جدوجہد کرتے آئے ہیں، آپ ہمیں جتوا کر اسمبلیوں میں بٹھائیں، میں نے بی بی کا وعدہ پورا کرنا ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے اسکردو کے ضلع گانچھے میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کےہر علاقے سے تیر کے نمائندے کو جتوانا پڑے گا، یہاں تعلیمی ادارے، اسپتال ، صحت کے ادارے کیوں نہیں بنتے، جب تک ہمیں حقوق نہیں دلوائیں گے آپ کی آواز اسلام آباد تک نہیں پہنچے گی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بی بی کا وعدہ میں نے پورا کرنا ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو آپ کے لیے روزگار بناتے تھے، شہید محترمہ کے وقت مشہور تھا کہ بی بی آئی گی روزگار لائے گی، شہید بی بی نے پورے ملک میں لیڈی ہیلتھ ورکرزکا جال پچھایا۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے دور حکومت میں ہم نے تاریخی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام دیا، پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں مہنگائی کا طوفان کھڑاکردیا، اتنی بے روزگاری،غربت تاریخ میں نہیں دیکھی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سرکاری ملازمین آج تک احتجاج کررہے ہیں، بزرگ شہری احتجاج پر ہیں جن کو پنشن نہیں ملتی، وہ آصف زرداری کا دورتھا جب تنخواہوں میں 100 فیصد اضافہ کیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دوسروں کی حکومتیں عوام کو لاوارث چھوڑ دیتی ہیں، میں نے سندھ میں مفت علاج کیلئے اسپتالوں کاجال پچھایا، ہم نے لیوراورکڈنی ٹرانسپلانٹ کیلئے مفت اسپتال بنائے۔