لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میاں صاحب نے نیا شوشہ چھوڑا کہ مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے، اگر آپ کا مقابلہ خلائی مخلوق سے ہے تو خلا میں چلے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے ممبر سازی کیمپ میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف کی پوری سیاست ووٹ کی توہین پر مبنی ہے، میاں صاحب آپ نے ہر وہ کام کیا جس سے ادارے کمزور ہوں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ میاں صاحب پہلے کہتے تھے مجھے کیوں نکالا، ہم نے انہیں کہا آپ نے جھوٹ بولا اس لئے نکالا، پھر کہنے لگے ووٹ کو عزت دو۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کوئٹہ میں شہباز شریف نے اعلان کیا اسپتال بنائیں گے، آج تک اسپتال کی ایک اینٹ بھی نہیں لگائی گئی، وزیر اعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب میں ایک نیا اسپتال نہیں بنایا، اورنج ٹرین میٹرول آگئی لیکن کیا غربت کم ہوئی۔
بلاول بھٹو کے مطابق عمران خان نے اقلیتوں کی حفاظت کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا، عمران خان کے پاس خارجہ پالیسی کا کوئی ایجنڈا نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: نوازشریف اورعمران خان کا مسئلہ صرف اقتدار ہے، بلاول بھٹو
انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکن میرے بازو ہیں، عوام کے مسائل، غریبوں کی بات کرتے ہیں، سندھ میں 15 یونیورسٹیاں بنائی ہیں دوسری جانب وہ پارٹیاں ہیں جن کے پاس کوئی پروگرام نہیں ہے، نواز شریف کا مسئلہ عمران خان اور عمران خان کا مسئلہ نواز شریف ہیں جبکہ ان دونوں کا مسئلہ اقتدار ہے۔