اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں، پیپلز پارٹی ای سی ایل کی وجہ سے تحریک نہیں عوام کے لیے تحریک چلائے گی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سوسائٹی میں شعور پیدا کرنا پڑے گا، تعلیمی معاملات کو سرفہرست دیکھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھٹو والے ہیں ان کے ای سی ایل سے ڈرنے والے نہیں، پیپلز پارٹی ای سی ایل کی وجہ سے تحریک نہیں عوام کے لیے تحریک چلائے گی، بلا تفریق احتساب ہوگا تو نیب ترمیمی بل کی حمایت کریں گے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ہم نہ این آر او چاہتے ہیں نہ اپوزیشن میں کٹھ پتلی ہوتے ہیں، تحریک صرف عوامی ایشوز اور پیپلز پارٹی کے نظریے پر چلے گی۔
یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی میں بلاول بھٹو، آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام بھی شامل ہے اور ان سمیت 172 افراد کے نام آج ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیے گئے ہیں۔
گزشتہ روز بلاول نے اپنی والدہ کی گیارہویں برسی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاق کی دیواریں کتنی کمزور ہو چکی ہیں، 2 سال سے کہتا آرہا ہوں کہ نوجوانوں کو دیوارسے مت لگائیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ میرے اوپر اس وقت کے کیس ڈال رہے ہیں جب میں ایک سال کا تھا، اگر میں اتنا تیز بچہ تھا تو مجھے ستارہ امتیاز ملنا چاہیئے تھا اور یہ نوٹسز بھیج رہے ہیں، اس بار بھی ہم پہلے کی طرح باعزت بری ہوں گے.
اس موقع پر انہوں نے نیب کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ نیب کی سرگرمیاں صرف اپوزیشن تک محدود کیوں ہیں۔