شکار پور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام کی تبدیلی کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریبوں کے دشمن بی آئی ایس پی ختم کرنا چاہتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو سندھ کے شہر شکارپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمران 18 ویں ترمیم ختم کرنا چاہتے ہیں، 18 ویں ترمیم کا خاتمہ وفاق کے لیے اچھا نہیں ہوگا، حکمرانوں کی سوچ صرف امیروں کو مزید امیر بنانا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ٹرین مارچ میں سندھ کے غیرت مند باسیوں نے استقبال کیا۔ پی پی چیئرمین نے کہا کہ پیسے کی کمی کے باعث صوبے کو ترقیاتی بجٹ میں کمی کا سامنا ہے، اور وفاق کی طرف سے فنڈز نہ ملنے پر کافی مشکلات کا سامنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل ہوگا: وزیر اعظم کا فیصلہ
قبل ازیں سکھر میں بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کے ہم راہ مدیجی کے جنگلات کا دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے کہا کہ سندھ کے جنگلات کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، جنگلات پر قبضہ کرنے والی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے سندھ دورے کے دوران اتحادی جماعتوں کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران ان کے مطالبے پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا نام تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔