کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی کرونا وائرس کا شکار ہوگئے، ان کا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آگیا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میرا کوویڈ 19 کا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ انہیں معمولی علامات ہیں اور انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ وہ گھر سے کام جاری رکھیں گے اور پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے۔ اپنے ٹویٹ میں انہوں نے ہدایت کی کہ سب افراد ماسک ضرور پہنیں۔
I have tested positive for #COVIDー19 & am self isolating with mild symptoms. I‘ll continue working from home & will be addressing PPP foundation day via video link. Wear a mask everyone, see you on the other side IA 🙏
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) November 26, 2020
خیال رہے کہ چند روز قبل بلاول بھٹو کے سیاسی مشیر جمیل سومرو میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد بلاول نے بھی خود کو آئسولیٹ کرلیا تھا۔
بعد ازاں پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے کہا تھا کہ بلاول کا کوویڈ ٹیسٹ منفی آیا ہے، تاہم اب بلاول نے خود اپنے مثبت ٹیسٹ اور کرونا وائرس کی تشخیص کی تصدیق کردی ہے۔