کراچی: پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آج ایدھی ہوم کلفٹن پہنچ کر فیصل ایدھی سے عبدالستار ایدھی کے انتقال پر تعزیت کی اور فاتحہ پڑھی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری عبدالستار ایدھی کے انتقال پر فیصل ایدھی سے تعزیت کرنے ایدھی ہوم کلفٹن پہنچ گئے،انہوں نے کچھ وقت ایدھی صاحب کے اہل خانہ کے ہمراہ گذارا اور مرحوم ایدھی صاحب کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
اوراس دوران بلاول بھٹو نے فیصل ایدھی سے اپنے دلی جذبات کا اظہار کیا اور عبدالستار ایدھی سے بی بی شہید اور بھٹو خاندان کے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا،انہوں نے کہا کہ بی بی گاہے بہ گاہے ایدھی ہوم کا دورہ کیا کرتیں تھیں اور ایدھی صاحب سے مشورے بھی لیا کرتی تھیں اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتیں آج وہ بھی بی بی کی انہی رویات کو زندہ کرنے وہ ایدھی ہوم کلفٹن پہنچے ہیں۔
اس موقع پر پیپلزپارٹی کے جواں سال قائد نے عبدالستار ایدھی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پش کرتے ہوئے کہا ایدھی صاحب کا خلا کبھی پرنہیں ہوسکے گا،ایسے لوگوں صدیوں میں پیدا ہوتے ہیں۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے بتایا کہ بھٹو خاندان اس سے قبل بھی ایدھی سینٹر آتا رہا ہے اور ایدھی صاحب کے بھٹو خاندان سے بہت قریبی تعلقات تھے وہ بی بی شہید کو بیٹیوں کی طرح عزیز رکھتے تھے اور بی بی بھی اپنی مصروفیات میں وقت نکال کر ایدھی صاحب سے ملنے آیا کرتی تھیں اور آج بلاول بھٹونےایدھی ہوم آکر اپنی ماں کی روایت دہرائی۔
بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیرِاعلٰی سندھ قائم علی شاہ کی صاحبزادی اور رکن قومی اسمبلی نفیسہ شاہ موجود تھیں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو خاندان کا ایدھی صاحب سے گہرارشتہ رہا ہے بی بی ایدھی صاحب سے ملاقات کے لیے ایدھی سینٹر آتی رہتی تھیں۔