پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھننے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو کی پارٹی کے سینیئر رہنماؤں سے ملاقات ہوئی ہے۔ ذرائع نے اس ملاقات کا اندرونی احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف سے بلے کا انتخابی نشان چھننے پر دکھ ہوا، ووٹرز کا درد سمجھتا ہوں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس موقع پر بلاول بھٹو نے پارٹی رہنماؤں کو پی ٹی آئی کارکنوں کو پیپلز پارٹی کا بیانیہ سمجھانے کی ہدایت کی۔
بلاول نے پی پی رہنماؤں سے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کارکنوں کو سمجھائیں کہ شیر کا راستہ صرف تیر ہی روک سکتا ہے۔
پارٹی چیئرمین نے پارٹی رہنماؤں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ پی ٹی آئی ورکرز کو مشورہ دے اور قائل کریں کہ وہ اپنے ووٹ کو ضائع نہ کریں اور تیر کے انتخابی نشان پر مہر لگائیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دیتے ہوئے اس سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔
پی ٹی آئی کی جانب سے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا اور پشاور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا تھا۔
بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جس نے سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے تحریک انصاف کے پارٹی الیکشن کالعدم اور بلے کا انتخابی نشان واپس لینے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔