کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے حکومت کی جانب سے وعدہ خلافی پر بطور احتجاج جوڈیشل کمیشن سے اپنا نام واپس لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وعدوں سے مکرنے اور مشاورت سے فرار پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو حکومت سے ناراض ہوگئے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے بطوراحتجاج گزشتہ ہفتے جوڈیشل کمیشن سے اپنا نام واپس لیا، بلاول نے کہا حکومت نے جوڈیشل کمیٹی میں مساوی نمائندگی کے وعدے کو پورا نہیں کیا۔
ذرائع نے بتایا حکومت کے ساتھ پی پی کے مستقبل کا فیصلہ اب سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کرے گی، بلاول وطن واپسی پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلائیں گے، جس میں اہم فیصلے کیے جائیں کے۔
یاد رہے گذشتہ ماہ کے آخر میں وزیر اعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات ہوئی تھی۔
دونوں رہنماوں نے ملاقات میں 27ویں آئینی ترمیم کیلیے پارلیمنٹ کو متحرک کرنے اور سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمان کو پہلے سے آن بورڈ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔