کراچی : چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نجی مصروفیات کے باعث نیب میں پیشی سے معذرت کرلی ہے، نیب کو لکھے گئے جوابی خط میں ان کا کہنا ہے کہ آئندہ ہفتے پیشی کے لئے کوئی تاریخ مقرر کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے طلب کرنے پر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نیب کو جوابی خط ارسال کیا ہے۔
جس میں کہا گیا ہے کہ17مئی کو نجی مصروفیات کے باعث نیب میں پیش نہیں ہوسکتا لہٰذا نیب آئندہ ہفتے پیشی کے لئے کوئی تاریخ مقرر کرے۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید بتایا کہ نیب کی جانب سے بھیجا گیا8 مئی کا خط پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کو13مئی کو موصول ہوا تھا۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو پارک لین کیس میں دوبارہ طلب کیا ہے۔ بلاول بھٹو کو نیب نےمئی کو طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔
مزید پڑھیں : بلاول بھٹوکو نیب میں دوبارہ طلب کر لیا گیا
بلاول بھٹو کو نیب نے 17 مئی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیا گیا، بلاول نے پہلی پیشی پر سوالات کے جوابات بھی تا حال جمع نہیں کرائے، نیب میں پہلی پیشی پر آصف زرداری ہی زیادہ تر بلاول کے جوابات دیتے رہے، نیب کی جانب سے اس مرتبہ بلاول بھٹو کو تنہا طلب کیا گیا ہے۔