کراچی : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم خود مختارہیں نریندرمودی کو پاکستان کے معاملات میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بلوچستان اورگلگت بلتستان سے متعلق بیان پرشدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں بھارتی وزیر اعظم کی ہرزہ سرائی ناقابل قبول ہے، بلوچستان جمہوری پاکستان کا لازمی حصہ ہے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کشمیر میں مظالم کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا بیان انتہائی غیرذمہ دارانہ اورپاکستانی قوم کو اکسانے کے مترادف ہے۔
مودی کے پاکستان میں یارہوسکتے ہیں لیکن پاکستانی قوم مودی کی بلوچستان کے لئے ہرزہ سرائی ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ ہم خود مختار قوم ہیں اور ہر صورت اپنی خودمختاری برقرار رکھیں گے۔
مزید پڑھیں : بلوچستان میں زیادتیوں کا جواب اب پاکستان کو بھی دینا ہوگا، نریندرمودی
واضح رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھارت کے یوم آزادی کی ایک تقریب سے خطاب میں پاکستان پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہاتھا کہ وہاں دہشت گردوں کے گنُ گائے جاتے ہیں اوروہاں کی حکومت دہشت گردی کے نظریے سے متاثر ہے۔ انہوں نے پاکستان پر بلوچستان میں انسانی حقوق کی پامالی کا الزام بھی لگایا۔