ہفتہ, مئی 17, 2025
اشتہار

ن لیگ اور پی پی عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مریم نواز سے ملاقات میں اتفاق ہوا عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونےدیں گے، ہم عوامی رابطہ مہم جاری رکھیں گے، امید ہے مریم شریف ہمارے ساتھ سچائی سے چلیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میںمولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کروں گا،اس کے علاوہ حکومت کے اتحادیوں سے بھی رابطہ کریں گے۔

عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے ہر کسی سے بات کرنے کو تیار ہوں، بجٹ کسی صورت پاس نہیں ہونے دیں گے، یہ آئی ایم ایف کا بجٹ ہے، عوام کو مہنگائی کے سونامی سے نجات دلائیں گے۔

بی بی کی سالگرہ پر نواب شاہ میں جلسے سے خطاب کروں گا اور اسی جلسے سے ہی تحریک کا آغاز ہوگا، دل و جان سے کوشش کریں گے عوام دشمن بجٹ پاس نہ ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کو عوام کے سامنے جواب دہ بنائیں گے، یہ بجٹ پاکستان کے عوام کے لئے معاشی خودکشی کے مترادف ہے، غریب اور محنت کشوں کو تحفظ فراہم کرنا ہم پر فرض ہے۔

بلاول بھٹو کامزید کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے بھی موقع دیا اور اب بھی دے رہے ہیں، حکومت جاتی ہے تو چلی جائے مگر بجٹ عوام دوست ہونا چاہیے، ہمارے وزیر خزانہ اور چیئرمین ایف بی آرکا فیصلہ آئی ایم ایف کررہا ہے

ایک سوال کے کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز سمیت مستقبل کی نوجوان قیادت نے لمبی اننگز کھیلنی ہے، مریم شریف کو پنجاب کے عوام کا دکھ ہے، ان کو اپنے والد نوازشریف کیلئے جدوجہد کرتے رہنا چاہیے۔

الزام تراشی کی سیاست ہوتی ہے مگر مخالفت کا ایک طریقہ کار ہوتا ہے، ہم چاہتے ہیں ملک میں سیاست ذات پر نہیں نظریے پر ہو، تاہم پیپلزپارٹی کا اپنا اور ن لیگ کا اپنا نظریہ ہے، امید ہے مریم شریف ہمارے ساتھ سچائی سے چلیں گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں