اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بلاول بھٹو زرداری

اشتہار

حیرت انگیز

ملتان : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رکاوٹوں اور پابندیوں کے باوجود انتخابی مہم جاری رکھوں گا، بی بی شہید کا نامکمل مشن مکمل کرنے نکلاہوں۔

یہ بات انہوں نے ملتان میں مختلف مقامات پر انتخابی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے استقبال کیلئے آنے والے کارکنان کو روکا جارہا ہے، پشاور میں بھی جلسے کی اجازت دی پھر منع کردیا گیا۔

اوچ شریف کے بعد ملتان میں بھی رکاوٹ ڈالی گئی، پارٹی سربراہ کی حیثیت سےانتخابی مہم چلانا میرا آئینی حق ہے، جتنی مرضی رکاوٹیں ڈالیں کراچی سے شروع ہونے والاسفرخیبر تک جاری رہے گا۔

- Advertisement -

چیئرمین پی پی کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کل بھی زندہ تھی، آج بھی زندہ ہے، کل بھی زندہ رہے گی، گالی گلوچ کی سیاست نہیں کرتا، میں پیپلزپارٹی اور پاکستان کا منشور لیکر آیا ہوں، پیپلزپارٹی کا منشور عوام اور کسان دوست منشور ہے، ہم نے عوامی مسائل حل کرتے ہوئے آپ کی محرومیوں اور پسماندگی سے لڑنا ہے، ملک کیلئے پیپلزپارٹی نے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلزپارٹی کاساتھ دیا ہے، میرےنانا ذوالفقار علی بھٹو نے ملتان سے بھی الیکشن لڑا تھا، اس ملک کاخیال رکھنا ہے تو پیپلزپارٹی کی حکومت کو لانا ہوگا، شہید ذوالفقار بھٹو نے وڈیروں سے زمینیں لے کر کسانوں کو دیں کیونکہ کسان خوشحال تو ملک خوشحال ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اقتدار میں آکر بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ وسیع کردیں گے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح بینظیر کسان کارڈ دکا اجراء کریں گے، کسان کارڈ کے ذریعے آپ کی فصلوں کی انشورنس ہوگی، یوسی سطح پر فوڈ اسٹورز کھولے جائیں گے جو خواتین چلائیں گی،بھوک، بےروزگاری کا مقابلہ اور ماؤں بہنوں کا خیال رکھیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لئےگھربنائے، ہم نوجوانوں کے لئے پہلا گھر پروگرام شروع کریں گے، پیپلزپارٹی نے خواتین کو بلاسود قرضےدیئے، آئندہ بھی دینگے، پیپلزپارٹی کی حکومت آئی توروزگارکے مواقع فراہم کرینگے۔

بلاول بھٹو نے اس عزم کا اعادہ کا اعادہ کیا کہ بی بی شہید کاوعدہ نبھانےاور پاکستان بچانے کیلئےآیا ہوں، بی بی شہید کا نامکمل مشن مکمل کرنے نکلاہوں، شہید بی بی چاہتی تھیں عوام کے مسائل حل ہوں، سیاسی جدوجہد کا آغاز کرنے جارہا ہوں، جو وعدے میں کروں گا وہ پورے کرکے دکھاؤں گا،۔

مزید پڑھیں: میرا مقابلہ پسماندگی، معاشرتی نا انصافی اور غربت سے ہے، بلاول بھٹو

قبل ازیں ملتان میں سیداں والی بائی باس چوک استقبالیہ کیمپ پربلاول بھٹو کا پرتپاک استقبال کیا گیا، بلاول بھٹو زرداری نے ہاتھ ہلاکر کارکنان کوجواب دیا، اس موقع پر شہربھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ تھی۔


خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں