مظفر گڑھ : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پر سیاسی انتقام کی حد کردی گئی، سابق صدر کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مظفر گڑھ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ آصف زرداری نے پہلے بھی11سال بغیر جرم جیل میں گزارے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب کے نام پر سابق صدر کو گرفتار کرکے جیل منتقل کیا لیکن اب ڈاکٹرز کو بھی ملنے نہیں دیا جارہا، کیس کی سماعت سندھ میں ہونی تھی لیکن مقدمہ راولپنڈی میں چل رہا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عوام اورہر طبقے پرظلم کررہی ہے، ہم عوام کو ان کےرحم وکرم پر نہیں چھوڑیں گے۔
پیپلز پارٹی کے گزشتہ دور حکومت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے آمرانہ دور میں نکالے گئے نوجوانوں کو نوکریوں پر بحال کیا تھا،18ویں آئینی ترمیم سے صوبوں کو ان کے حقوق دیئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ غربت کم کرنے کیلئے ہم نےانقلابی منصوبے بنائے تھے، ہم آمروں سے لڑے اور دہشت گردوں سے ٹکرائے، ہم نے آپ کوپلیٹ میں سجا کراقتدار دیا تھا، لیکن آپ نے ایک سال میں مہنگائی کو کہاں پہنچا دیا۔