اتوار, مئی 11, 2025
اشتہار

بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مدد کی اپیل کردی

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پرنقصانات ہوئے، ہم اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فوری سپورٹ چاہتے ہیں۔

اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کو آرڈی نیٹرجولیان ہارینس کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ رواں سال ہونے والی مون سون بارشیں غیر معمولی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان غیرمعمولی مون سون بارشوں سے ملک بھر میں سیلاب کی تباہ کن صورتحال کا سامنا ہے، سیلاب سےکئی دیہاتوں سمیت 20 لاکھ ایکڑ پرکھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

اپنے خطاب میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، سیلاب متاثرین میں 25 ہزار رپے فی خاندان تقسیم کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ملک بھر کے72اضلاع میں 7کروڑ افراد اور 10لاکھ سے زیادہ گھر متاثر ہوئے، جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 10لاکھ روپے دیے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے 35 ارب بی آئی ایس پی کے ذریعے متاثرین میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا، متاثرین کو فوری طور پر25 ہزار روپے موصول ہو جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے فوری سپورٹ چاہتے ہیں، ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے کہ لاکھوں لوگوں کو معمول کی زندگی کی جانب لوٹنے میں ان کی مدد کریں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کو آرڈی نیٹر جولیان ہارینس نے کہا کہ حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو بری طرح متاثرکیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑی تباہ کاری کا پاکستان اکیلے مقابلہ نہیں کر سکتا، این ڈی ایم اے کے ساتھ سیلاب متاثرین کے لیے کام کررہے ہیں۔

جولیان ہارینس کا کہنا تھا کہ پاکستانی اپنے ہم وطنوں کی مدد میں پیش پیش ہیں، اقوم متحدہ کی جانب سےمددکی اپیل ہے، امید ہے کہ اپیل فوری نقصانات کا ازالہ کر سکے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں