بدھ, جولائی 2, 2025
اشتہار

"پیپلز پارٹی کوغریب عوام کے حصے کی گندم چوری کا جواب دینا پڑے گا "

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے کہا ہے کہ ہمیشہ کی طرح سندھ میں غریب عوام کے حصے کی گندم چوری کی گئی ہے، پیپلز پارٹی کو اس چوری کا جواب دینا پڑے گا۔

یہ بات انہوں نے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان کے رد عمل میں کہی، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو عالمی وبا کرونا وائرس نے تباہی مچائی رکھی ہے اور دوسری طرف سندھ حکومت کی چوری چکاری نے، ہمیشہ کی طرح سندھ میں غریب عوام کے حصے کی گندم چوری کی گئی۔

شہباز گل نے کہا کہ لگتا ہے کہ چوری کرنے کا حق بھی شاید18ویں ترمیم نے ہی آپ کو دیا ہے کہ خوب دبا کر وسائل کو لوٹو اور آپ سے کوئی پوچھنے والا بھی نہ ہو۔ پی پی کو اس چوری اور بری طرز حکومت کا جواب دینا پڑے گا۔

سندھ حکومت پر کڑی تنقید اور طنز کرتے ہوئے شہباز گل نے کہا کہ الزام لگایا جا رہا ہے کہ یہ گندم راتوں رات غریبوں میں تقسیم کی گئی اور کسی کو پتہ تک نہیں چلا، یہ ہوتی ہے لیڈر شپ جس میں زرداری صاحب اور پارٹی ہمیشہ سب سے آگے رہے، اٹھارویں ترمیم کہ بعد یہ ہمارا حق ہے جو کچھ بھی ہماری صوبائی حکومت کے ماتحت آتا ہے ہم اسے جیسے دل چاہے لوٹ لیں۔

شہباز گل نے کہا کہ زندہ بھٹو کا متوقع بیان یہ ہے کہ وفاقی حکومت کے پیسوں سے1000ارب کی امداد کا اعلان کر رہا ہوں اسے کہتے ہیں، ہینگ لگے نہ پھٹکڑی رنگ بھی چوکھا آئے، بجلی بلوں میں کمی کا اعلان ہم کریں لیکن قیمت وفاق دے، یہ ہے طریقہ واردات کہ اعلانات کر دو اور اگر اسے  پورا کرنے کی باری آئے تو وفاق پر ڈال کر صوبہ کارڈ کھیلو۔

پی ٹی آئی رہنما نے سندھ حکومت سے سوال کیا کہ وفاقی حکومت تو 1200 ارب روپے کا ریلیف پیکج دے چکی ہے آپ نے کیا کیا ابھی تک؟ بلاول زرداری غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ وفاق ہمارے اقدامات کی مخالفت کر رہا ہے، ان اقدامات پر ستارہ بسالت تو دینے سے رہا وفاق۔ یعنی کمال بے وقوف بنا رکھا ہے معصوم عوام کو۔
آپ بتائیے وفاق نے سندھ کی ناجائزمخالفت کہاں کی؟
لاک ڈاؤن اعلان کے بعد عملدرآمد نہ کرواسکنے پر؟
راشن تقسیم پر وزراء کے متضاد بیانات پر؟
سندھی عوام کو معاشی پسماندہ کرنے پر؟
علی بابا کی امداد پرقابض ہونے پر؟
معیاری کٹس کو ناقابل استعمال کہنے پر؟
سب سے زیادہ امداد لینے کے بعد وفاق کو کوسنے پر؟
18ویں ترمیم کے شادیانے بجانے کے بعدترمیم میں متعین ذمہ داریوں سے فرارپر؟
احساس سنٹرز پر وفاق کی جانب سے اربوں روپے امداد کی تقسیم پر پی پی پی کے بینر لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش پر
یا کوئی اورکارنامے ہیں جن کی ہم ناجائز مخالفت کرتے ہیں؟
بتادیں تاکہ آپ کی شکایت کے ازالے کی کوشش کی جاسکے!

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں