اتوار, نومبر 17, 2024
اشتہار

پیپلزپارٹی نے پنجاب میں بھی ٹرین مارچ کی تیاریوں کا آغاز کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اگر ن لیگ اور جے یو آئی نے اپنے کارکنان نکالے تو حکومت دفاعی پوزیشن پر چلی جائے گی۔

یہ بات انہوں نے پیپلزپارٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب میں ٹرین مارچ کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔

اس سلسلے میں پیپلز پارٹی وسطی و جنوبی پنجاب کی مشاورت کے بعد بلاول بھٹو زر داری کے ٹرین مارچ کو حتمی شکل دی جائے گی، پنجاب کی جانب ٹرین مارچ روہڑی سے شروع کیا جائے گا۔

- Advertisement -

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ اجلاس میں ٹرین مارچ روہڑی سے پنڈی تک کرنے پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر پنجاب کی تنظیم کی طرف سے سندھ کے ٹرین مارچ میں بلاول بھٹو کی تقاریر کے دوران کمزور سیکیورٹی پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق وسطی اور جنوبی پنجاب کی تنظیموں کی جانب سے پارٹی چیئرمین سے احتیاط برتنے کی درخواست کی گئی۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ٹرین مارچ کے دوران پنجاب کے مختلف شہروں میں قیام کریں گے،اس موقع پر وہ بار کونسلز اور پریس کانفرنسوں سے بھی خطاب کریں گے ۔

اجلاس میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے ن لیگ اور مولانا فضل الرحمن کی حمایت لینے پر بھی غور کیا گیا، ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی طرف مارچ اپوزیشن جماعتوں کے اکٹھا ہونے کے بعد نتائج دے سکے گا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں