کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کوئی کارکن کارکردگی نہیں دکھائے گا تو دیگر آپشنزموجود ہیں، کابینہ میں ایسے لوگوں کو موقع دیا جاسکتا ہے جو کارکردگی دکھائیں۔
تفصیلات کے مطابق سربراہ پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی زیرصدارت سندھ کابینہ کے ارکان کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ سندھ، صوبائی وزرا، مشیر ومعاونین خصوصی نے شرکت کی۔ ارکان نے بلاول بھٹو کو سندھ میں زرعی پانی کی قلت، فنڈزکی عدم دستیابی سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مجھےعوام وکارکنان اور ارکان اسمبلی سے شکایات ملی ہیں، وزرا اگردفاتر میں نہیں ہوں گے تو مسائل کیسے سنیں گے؟ پہلے بھی کہا تھا وزرا اور ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر نظر رکھوں گا۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے سندھ کابینہ کی کارکردگی پرعدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سندھ کابینہ کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں، کابینہ ارکان کارکردگی کو بہتربنائیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کوئی کارکن کارکردگی نہیں دکھائے گا تو دیگر آپشنزموجود ہیں، کابینہ میں ایسے لوگوں کو موقع دیا جاسکتا ہے جو کارکردگی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب اپنے وزرا کی کارکردگی کو بہتربنائیں، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جی بالکل کابینہ کارکردگی کی ذمہ داری مجھ پرعائد ہوتی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزرا کو پیپلزپارٹی منشور کی فکر ہے نہ پارٹی امیج کا خیال ہے۔ انہوں نے کابینہ کے ارکان کو وراننگ دی کہ اپنا قبلہ درست کرلیں، میرے پاس بہت آپشن ہیں، زیادہ برداشت نہیں کرسکتا۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے بلدیات اور صحت کے محکموں کی کارکردگی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جدوجہد کو وزرا کی خراب کارکردگی متاثر کر رہی ہے۔