کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے حکومت سے وفاقی بجٹ کو کورونا بجٹ میں تبدیل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہم نےکورونا کے ساتھ معیشت کو بہتر کرنے کے محاذپر لڑنا ہے، ریاست کا فوکس صرف عوام کو تحفظ فراہم کرنے پرہوناچاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی جانب سےکورونا سےمتعلق معاشی پیکج ڈرامہ ہے، بی آئی ایس پی اورگندم خریداری کو بھی ریلیف پیکج کاحصہ بنایاگیا،بی آئی ایس پی میں پہلےہی پیسےتھے، گندم خریداری بھی کرناتھی۔
انہوں نے کہا کہ ڈیلی ویجرزاورسفید پوش افرادکو بھی ریلیف فراہم نہیں کیاگیا، ممالک اپنےجی ڈی پی کاحصہ کورونا کے خلاف استعمال کر رہےہیں، ہم کوروناکیخلاف حالت جنگ میں ہیں لیکن فرنٹ لائن ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل تک کو کوئی پیکج فراہم نہیں کیاگیا۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف، اےڈیبی، جی20 نے پاکستان کومالیاتی سہولت دی ہے اس لیے ہمیں پورے ملک کی معیشت پرفوکس کرناہوگا جب کہ ٹڈی دل کیلئےابھی تک کوئی اقدامات نہیں کیے گئے، حکومت کو فوڈ اینڈ سیکیورٹی کیلئے مثبت اور پریکٹیکل کام کرنا ہو گا۔