کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سانحہ سیالکوٹ کےمجرموں کو فی الفور سزائیں دینے کا مطالبہ کردیا اور کہا نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل ہوتا تو سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات نہ ہوتے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے سانحہ سیالکوٹ کےمجرموں کو فی الفور سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا فوری انصاف نہ ملناعالمی سطح پرملک کی بدنامی کی وجہ بنےگا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ سے مثبت ملکی تاثر داؤ پر لگ چکا ہے، نمائشی کے بجائے حکومت کو ٹھوس اقدامات کرنے ہوں گے، دنیا ہم سے نفرت پھیلانے والوں کے خلاف اقدامات پرسوال کررہی ہے۔
چیئرمین پی پی نے مزید کہا عوام کوانتہاپسندی کی جانب بہکانے والی سوچ کونشانہ بنانا ہوگا، نیشنل ایکشن پلان کے تمام نکات پر عمل ہوتا تو سانحہ سیالکوٹ جیسے واقعات نہ ہوتے۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے سانحہ سیالکوٹ سے متعلق اعلی سطح اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ سانحہ سیالکوٹ نے قوم کے سر شرم سے جھکا دیے ہیں۔
عمران خان نے ہدایت کی کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر مثالی سزائیں دی جائیں۔۔ پراسیکیوشن شواہد جمع کرکے بھرپور تیاری سے عدالت میں جائےاور ملزمان کی قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے۔