کراچی: وفاق کی جانب سے صوبہ سندھ کو کم فنڈز ملنے کے باوجود پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کو غریب دوست بجٹ بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ بجٹ میں صحت اور زراعت کے شعبوں کو ترجیح دی جائے، بجٹ میں کرونا وبا اور ٹڈی دل کے حملوں کی روک تھام اہم ایجنڈا ہوگا۔
گزشتہ روز بلاول بھٹو کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سیکریٹری خزانہ نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے بریفنگ دی، پی پی چیئرمین کو کرونا سے متعلق اسکیموں، سوشل سیکورٹی اور انسداد غربت کے پروگراموں سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ ٹڈی دل سے متاثر چھوٹے کاشت کاروں کو بیج، کھاد، کیڑے مار ادویات پر سبسڈی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا حکومت سندھ کو محدود وسائل اور بحران کا سامنا ہونے کے باوجود غریب دوست بجٹ تیار کرنا ہوگا، وفاق کی جانب سے کم فنڈز فراہم کیے جانے کے باعث سندھ کی حکمت عملی کو نقصان پہنچا ہے۔
انھوں نے کہا سندھ کو وفاق سے 835 ارب روپے کے شیئر سے 229 ارب روپے کم ملے، یہ سندھ اور دیگر صوبوں کے ساتھ بہت بڑا ظلم ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت صوبہ سندھ کو ایک طرف اگر کرونا وائرس کی وبا کا سامنا ہے، جو پھیلتی ہی جا رہی ہے اور اب تک 38 ہزار 108 کیسز سامنے آ چکے ہیں جب کہ 650 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں، دوسری طرف فصلوں کو ٹڈی دل کے بڑے خطرے کا سامنا ہے، جس سے صحت اور خوراک دونوں کے شعبے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔