سابق وزیر خارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری لاہور سے الیکشن لڑنے کے خواہاں ہیں۔
پیپلز پارٹی سے منسلک ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو زرداری کیلیے لاہور کے این اے 128 کیلیے کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے گئے جسے جمع کروانے کا فیصلہ پارٹی پارلیمانی بورڈ کے فیصلے سے مشروط ہے۔
ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کو پارٹی رہنماؤں نے لاہور سے الیکشن لڑنے کی درخواست کی ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی لاڑکانہ کے قومی اسمبلی کے حلقے سے بھی الیکشن لڑیں گے۔
یاد رہے کہ کل بروز جمعہ 21 دسمبر کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخر تاریخ ہے۔ متعدد سیاسی جماعتوں نے اس میں توسیع کیلیے الیکشن کمیشن ست درخواست کی ہے۔
متعلقہ: کچھ لوگ یہ چاہتے ہیں کہ تقسیم اور نفرت جاری رہے، بلاول بھٹو زرداری
آج سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کراچی کے کس حلقے سے الیکشن لڑیں گے یہ فیصلہ نہیں ہوا لیکن وہ پورے پاکستان سے الیکشن لڑ سکتے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف سابق وزیراعظم ہیں، ان کو بھی حق ہے وہ ملک میں جہاں اور جس حلقے سے چاہیں الیکشن لڑ سکتے ہیں، نواز شریف جب اقتدار کے بعد کبھی کراچی آتے تو گورنر ہاؤس میں رات گزار کر واپس چلے جاتے، میں شکر گزار ہوں گا اگر وہ سندھ کا دورہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اچھی چیز تو یہ ہے کہ عوامی لیڈر عوام میں آئے جیسے بلاول بھٹو زرداری ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ بار کونسلز کا ہے ہم تو صاف اور شفاف الیکشن چاہتے ہیں۔