جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

بلاول اور شہباز کا مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے پارلیمنٹ میں اٹھانے پر اتفاق

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے پارلیمنٹ میں اٹھانے پر اتفاق ہوا اور جلد رہبر کمیٹی کے اجلاس کا عندیہ بھی دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے ملاقات کے لئے ان کے چیمبر میں پہنچے، شیری رحمان، خورشید شاہ، نوید قمر بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے جبکہ مسلم لیگ (ن)کی جانب سے سردار ایاز صادق اور احسن اقبال بھی ملاقات میں موجود تھے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور سینیٹ میں تحریک عدم اعتماد کی ناکامی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی ۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہاکہ ملاقات میں مسئلہ کشمیر اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پر بات ہوئی ہے، مودی نے کشمیر کے حوالے سے جوگھٹیا حرکت کی ہے اس کو پارلیمنٹ میں اٹھائیں گے اور پارلیمنٹ میں کشمیری بھائی بہنوں کیلئے اظہار یکجہتی کریں گے ۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر معاملات کو اپوزیشن کی رہبر کمیٹی دیکھے گی، تمام معاملات کو اے پی سی میں ڈسکس کریں گے اور جلد رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوگا۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہا کہ میں شہباز شریف کا شکر گزار ہوں ، انہوں نے بڑا اچھا کھانا کھلایا، ملاقات میں اہم امور پر بات چیت ہوئی ہے، اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی میں تمام معاملات زیر بحث آئیں گے۔

چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ آمریت کے دور میں جمہوریت کی سیاست کیلئے غیر جمہوری قوتوں کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے، اپوزیشن کی قیادت نے سینٹ انتخابات میں حکومت کو مسترد کردیا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں