کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ سانحہ کارساز ملکی تاریخ میں سب سے بڑا دہشت گردی کا واقعہ تھا۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور امن کے لیے قربانی دی اور دیتی رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ کارساز کی گیارہویں برسی کے موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے یادگار شہدا کا دورہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز ملکی تاریخ میں سب سے بڑا دہشت گردی کا واقعہ تھا۔ پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور امن کے لیے قربانی دی اور دیتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ حقوق کے لیے ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان میں دہشت گردی کے بہت واقعات ہوئے، بدقسمتی سے آج تک کسی واقعے کے شہدا کو انصاف نہیں ملا۔ ’تمام شہدا کو سلام پیش کرتا ہوں‘۔
بلاول نے کہا کہ 18 اکتوبر کے بعد دہشت گردی کی متعدد وارداتیں ہوئیں، دہشت گردی کے تمام واقعات کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔ الیکشن کے دوران دہشت گردی واقعات کی بھی تحقیقات نہیں کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہمارا سفر جاری رہے گا، راولپنڈی میں شہید بی بی پر حملے کا کرائم سین دھو دیا گیا۔ راولپنڈی میں جو بھی ثبوت مل سکتے تھے خراب کیے گئے۔
بلاول کا کہنا تھا کہ غریب عوام عمران خان سے مایوس ہو رہے ہیں، جس طرح اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا گیا اس سے شک پیدا ہوتا ہے۔ شہباز شریف کا دفاع نہیں کرتا لیکن انتقامی سیاست ہم نے دفن کردی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس میں شک نہیں ن لیگ حکومت نے ملکی تاریخ کا بڑا قرض لیا تھا۔