کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارسازکے شہداکی آٹھویں برسی کے موقع پر شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے، وزیر اعلی سندھ قائم علی شاہ کہتے ہیں شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ کارساز کے شہدا کی آٹھویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اٹھارہ اکتوبر کو عوام اور جیالوں نے اپنے خون سے ایک تاریخ رقم کی شہدا کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ۔
ان کا کہنا ہے اٹھارہ اکتوبردوہزار سات کو بی بی کی آمد کے موقع پر کراچی میں لاکھوں لوگوں نے جمع ہوکر پیغام دیاکہ عوام انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملک کے تمام لوگوں کے حقوق کے لیے جنگ لڑی ہے،ڈکٹیٹر شپ اور ان کہ حواریوں کے خلاف جاری اس طویل جدوجہد میں سینکڑوں انسانی جانیں قربان کی ہیں۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی نے سانحہ کارساز کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے ان کا کہنا ہے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔