اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل کے حملے کے حوالے سے حکومت پر شدید تنقید کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو نے ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی حکومت پر تنقید کی ہے کہ ٹڈی دل کے حوالے سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری نے اسمبلی میں تقریر میں ٹڈی دل کے حملے کی بات کی، اختر مینگل نے بھی بجٹ تقریر میں ٹڈی دل کے حملے سے متعلق بات کی۔
بلاول بھٹو نے ٹویٹ میں لکھا کہ انھوں نے بھی سندھ اور بلوچستان میں ٹڈی دل حملے کی تباہی کا ذکر کیا لیکن وفاقی حکومت سے ہنگامی مدد کی پکار بہرے کانوں کی نذر ہو گئی، وفاق کا انسداد ٹڈی دل کا ڈویژن کہیں سو رہا ہے۔
President Zardari spoke about this in his speech, @sakhtarmengal also spoke on locusts in his budget speech. I just held a press conference on devastation caused in Sindh & Balochistan. SOS calls for help from Fed govt fall on deaf ears. Federal Locust control divisions sleeping. https://t.co/fh4qEbZ12N
— BilawalBhuttoZardari (@BBhuttoZardari) June 25, 2019
خیال رہے کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان پر ٹڈی دل نے حملہ کر دیا ہے، جو فصلوں کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے، ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
سندھ ملک میں کاٹن کی دوسری سب سے بڑی پیداوار کرتا ہے، ٹڈی دل سے کاٹن کی ان فصلوں کو نقصان کا خطرہ لاحق ہے۔
کہا جا رہا ہے کہ تیس سال بعد پاکستان میں کپاس کی فصل پر ٹڈی دل نے بڑا حملہ کیا ہے، ٹڈی دل نے سندھ میں کپاس کی پیداوار والے بیش تر علاقوں میں فصل پر حملہ کر کے فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ٹڈی دل کا یہ حملہ پنجاب کے کاٹن بیلٹ تک پہنچنے کے امکانات ہیں، لیکن حکومتی سطح پر کوئی اقدامات نہ ہونے سے کپاس کے کاشت کاروں میں زبردست اضطراب پایا جا رہا ہے۔