جمعرات, جنوری 23, 2025
اشتہار

”قائم علی شاہ اور عمران خان ساتھ اسکول جاتے تھے“

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور وزیر اعظم عمران خان ایک ساتھ اسکول جاتے تھے۔

خیر پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے قائم علی شاہ کو دل کا جوان قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائم علی شاہ اور عمران خان ہم عمر ہیں، یہ دونوں ایک ساتھ اسکول جاتے تھے، جتنی محنت قائم علی شاہ کرتے ہیں اتنی عمران خان سوچ بھی نہیں سکتے۔

بلاول بھٹو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پیغام بھیجا ہے ”گو عمران گو“، ملک مشکل میں ہے، ہر طبقہ پریشان ہے، حکومت کی وجہ سے ہر طرف مایوسی پھیلی ہوئی ہے، عوام کو ان کی محنت کا صلہ نہیں ملتا، کسان محنت کرتا ہے لیکن انہیں ان کی محنت کا صلہ نہیں ملتا، کسانوں کو آج پریشانی ہے اور مشکل حالات کا سامنا ہے، عوام اور پاکستان کے مسائل حل کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عام آدمی کی آواز اٹھائی ہے۔

- Advertisement -

چیئرمین پی پی نے کہا کہ سلیکٹڈ اور ناجائز حکمران نےعوام کو لاوارث چھوڑا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، وزیر اعظم کی کرسی پر بیٹھا شخص ہم پر مسلط کیا گیا ہے، وزیر اعظم کو عوام کا کوئی احساس نہیں ہے، عمران خان نےعوام سے جھوٹ بولا اور دھوکا دیا۔

انہوں نے کہا کہ جب الیکشن کا دور چل رہا تھا تو کٹھ پتلی نے ایک کروڑ نوکری کا دعوی کیا، 50 لاکھ گھروں میں سے کیا ایک بھی گھر ملا ہے؟ ہر وعدہ دھوکا نکلا، عمران خان نے ہر بات پر یوٹرن لیا، اب وقت آگیا ہے کہ عمران خان سے حساب لینا پڑے گا، عمران کہتے ہیں کہ پیٹرول مہنگا ہو چکا ہے گھبرانا نہیں، سب چیزیں مہنگی ہو چکی ہیں اور کہتے ہیں گھبرانا نہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ لانگ مارچ دیکھ کر عمران خان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں،  اسلام آباد پہنچیں گے تو قیمتیں کتنی کم ہو جائیں گی، عمران خان کی ڈرامہ بازی نہیں چلے گی، ہم عمران خان کو نکالے بغیر سکون سے نہیں بیٹھ سکتے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں