بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

بلاول کی ہدایت پر امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے نصرت سحر عباسی پر اسمبلی میں کسے جانے والے جملوں کا نوٹس لیتے ہوئے امداد پتافی کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا جس پر پارٹی نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا دوسری جانب نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی کی اسمبلی رکنیت معطل کرنے کا مطالبہ کردیا۔


یہ پڑھیں: سندھ اسمبلی میں تلخ کلامی‘ ڈپٹی اسپیکر کوعوام کا خیال آگیا


 تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سندھ اسمبلی میں نصرت سحر عباسی کی تقریر پر پی پی رکن امداد پتافی نے نازیبا الفاظ استعمال کیے تھے جن پر بلاول بھٹو نے سخت نوٹس لیتے ہوئے پی پی رکن اسمبلی کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ امداد پتافی کو شوکاز نوٹس جاری کریں۔

دوسری جانب بلاول بھٹو کے نوٹس پر نصرت سحر عباسی نے اُن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ امداد پتافی کی اسمبلی رکنیت معطل ہونے کی بریگنگ نیوز سننا چاہتی ہوں، بلاول بھٹو پارٹی چیئرمین ہیں وہ کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔ بلاول بھٹو امداد پتافی کو پارٹی سے نکالیں گے تو انہیں سلام پیش کروں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج جو سلوک میرے ساتھ ہوا وہی کل کسی اور کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے، امداد پتافی کی معافی کسی صورت قابل قبول نہیں ایسی ذہینت کے لوگوں کو اگر معاف کردیا جائے تو وہ پھر اسمبلی کا حصہ بن جائیں گے اور بدتمیزی کریں گے۔

قبل ازیں امداد پتافی نے بلاول بھٹو کے نوٹس پر نصرت سحر عباسی سے معافی طلب کرتے ہوئے کہا تھاکہ اپنے کیے پر نادم ہوں، منہ سے غلط الفاظ ادا ہوگئے، گھر آکر معافی مانگنے کو بھی تیار ہوں۔

نصرت سحر عباسی نے امداد پتافی کی معافی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی عزت اچھال کر معافی مانگنا قابل قبول عمل نہیں، ایسے لوگوں کو سخت سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ ایسا سلوک دیکھنے کو نہ ملے۔

بلاول بھٹو زرداری کے حکم کے بعد پیپلز پارٹی نے رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی سے وضاحت طلب کرتے ہوئے انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

اسی ضمن میں بختاور بھٹو نے کہا ہے کہ رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی کو اپوزیشن رکن نصرت سحر عباسی سے معافی مانگنی چاہیے ان کا رویہ قابل قبول نہیں۔

قبل ازیں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی امداد پتافی کے رویے کی مذمت کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یہ پڑھیں: اسمبلیوں میں مرد ارکان کا شرمناک رویہ اخلاقی زوال کی علامت: عمران خان

واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ اسمبلی کے اجلاس میں امداد پتافی نے خاتون رکن کے خلاف نازیبا الفاظ ادا کیے جسے اسمبلی کی کارروائی سے حذف کردیا گیا تاہم وہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں اور ذومعنی جملوں پر مبنی امداد پتافی کی تھوڑی ویڈیو ٹی وی چینلز بھی چلائی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں