اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کراچی میں لاک ڈاؤن کی وفاق کی جانب سے مخالفت سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ٹویٹ کر کے لکھا ’مسٹر زرداری آپ کیا چاہتے ہیں لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن۔‘
تفصیلات کے مطابق اسد عمر نے ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ بلاول کہتے ہیں بھارت کی طرح کراچی میں کچھ ہوا تو وزیر اعظم ذمہ دار ہوں گے، تو مسٹر زرداری آپ کیا چاہتے ہیں لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن، لاک ڈاؤن۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن بھارت میں لگا تھا اور دنیا نے تباہی دیکھی، کروڑوں افراد غربت کی سطح پر چلے گئے، معیشت 7 فی صد سکڑ گئی، بلاول زرداری صاحب آپ کو یاد ہوگا کہ آپ تحقیق پر یقین کر رہے تھے۔
Bilawal zardari says if what happened in India happens in karachi PM responsible. Mr zardari what you wanted.. Lock down lock down lockdown..Was done in India & the world saw the devastation . Crores thrown into poverty from which they have still not recovered. Economy shrank 7%
— Asad Umar (@Asad_Umar) July 31, 2021
انھوں نے تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے ٹویٹ میں کہا کہ یاد کریں گزشتہ برس آپ نے مجھ سے ایک میٹنگ میں کہا تھا کہ آپ امپیریل اسٹڈی پر یقین رکھتے ہیں، جس نے پاکستان میں ایک دن میں 78 ہزار اموات کی پیش گوئی کی گئی تھی، کرونا واقعی ایک ایسا موضوع ہے جس کے بارے میں آپ کچھ نہیں جانتے، برائے مہربانی کرونا کے معاملے کو سیاسی نہ بنائیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی جانیں، روزگار بچانے کی حکمت عملی نے شان دار نتائج دیے، بھارت کی معیشت آزادی کے بعد سے بدترین صورت حال پر آ گئی، جب کہ پاکستان کی معیشت میں 4 فی صد بہتری آئی، پاکستان کے مقابلے میں بھارت کی فی کس شرح اموا ت 3 گنا زیادہ ہے۔
ایک ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا امید ہے کے کل کے NCOC کے اجلاس میں سندھ حکومت لاک ڈاؤن سے متعلق تمام معاملات پر مزید تفصیل میں مشاورت کرے گی، اور مشاورت سے ایک ایسی حکمت عملی وضع ہوگی جس میں ریاست کے سب ستون مل کر سندھ کے عوام کی صحت اور روزگار دونوں کا دفاع کریں۔