دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں نمایاں مقام رکھنے والے مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس کو کھانے میں کیا پسند ہے ؟ اس حوالے سے ایک ہوٹل کے شیف نے بڑا انکشاف کردیا۔
بل گیٹس کے بارے میں عام طور پر یہی تصور کیا جائے گا کہ جب وہ کسی ہوٹل میں قیام کریں گے تو یقیناً وہاں کے بہترین پکوان اور آسائشوں سے مستفید ہوں گے لیکن حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دنوں جب بل گیٹس نے اسپین کے ایک مقبول اور مہنگے ترین ریسٹورنٹ کو پورے دو دن کے لیے بک کرایا تو وہاں انہوں نے جو آرڈر دیا اس نے سب کو حیران کردیا۔
اس حوالے سے اسپین کے معروف شیف جورڈی کروز نے اپنے ایک انٹرویو میں اس بات کا انکشاف کیا کہ کچھ عرصے قبل بل گیٹس نے ان کا ایوارڈ یافتہ ریسٹورنٹ 2 دن کے لیے بک کرایا تھا۔
جورڈی کروز نے بتایا کہ کچھ عرصے قبل بل گیٹس ہمارے ریسٹورنٹ آئے اور ان کے ساتھ 25 محافظ اور ان کے عملے کے دیگر افراد ہمراہ تھے مگر انہوں نے وہاں جو آرڈر دیا وہ قابل ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے بل گیٹس کی آمد پر ان کی بہترین مہمان نوازی کیلئے بہترین پکوان تیار کیے تھے، انہوں نے اپنے لیے صرف ایک ڈائٹ سافٹ ڈرنک منگوائی اور اپنے طیارے میں واپس چلے گئے۔
جورڈی کروز کے مطابق بل گیٹس نے ریسٹورنٹ کو پورے 2 دن تک اپنے لیے مختص رکھا اور اس دوران ان کی ٹیم کے افراد وہاں آکر کھانا کھاتے رہے۔
جب جورڈی کروز سے پوچھا گیا کہ کیا بل گیٹس نے ریسٹورنٹ میں کسی پکوان کو چکھا؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ بالکل بھی نہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس ریسٹورنٹ کے پکوان اسپین میں بہت زیادہ مشہور ہیں مگر بل گیٹس عموماً سادہ کھانا پسند کرتے ہیں جبکہ دوپہر کے کھانے کے لیے انہیں برگر کھانا پسند ہے۔
گیٹس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر جوسیرل کے مطابق اگر آپ کی ملاقات دوپہر کے کھانے میں بل گیٹس سے ہوتی ہے تو آپ کو برگر کھانا ہوں گے۔
بل گیٹس ڈائٹ مشروبات کو بھی بہت زیادہ پسند کرتے ہیں اور سفر کے دوران ان کے ہوٹل کے کمرے میں ایسے مشروبات کا ذخیرہ موجود ہوتا ہے۔
کچھ سال پہلے بل گیٹس نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا تھا کہ جب میں دفتر میں ہوتا تھا تو دن بھر میں 3 سے 4 ڈائٹ مشروبات پی لیتا تھا۔