جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

بل گیٹس فاؤنڈیشن نے ماحول دوست ٹوائلٹ تیار کرلیا

اشتہار

حیرت انگیز

مائیکرو سافٹ کمپنی کے بانی اور بے شمار سماجی کاموں میں حصہ لینے والے بل گیٹس کی فاؤنڈیشن نے ماحول دوست ٹوائلٹ تیار کرلیا۔

بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے تیار کیا جانے والا یہ ٹوائلٹ پانی کا استعمال نہیں کرتا جبکہ انسانی فضلے کو کھاد میں بھی تبدیل کرسکتا ہے۔

ایک انٹرویو میں بل گیٹس کا کہنا تھا کہ اس ٹوائلٹ کو تیار کرنے کا مقصد ایک صاف ستھرا سینی ٹیشن سسٹم بنانا ہے جو کسی بھی ملک کی معیشت پر بوجھ نہ ہو۔

ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال 5 لاکھ بچے سیوریج ملے پانی کے استعمال کی وجہ سے ہلاک ہوجاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ غیر محفوظ سینی ٹیشن اور فضلے کو ٹھکانے لگانے کا ناقص نظام ہے۔

بل گیٹس کا کہنا ہے کہ یہ ناقص نظام اور اس کے باعث پیدا ہونے والی بیماریاں ہر سال 223 ارب ڈالر کا نقصان کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں: بیت الخلا کی عدم موجودگی سماجی مسئلہ

بل گیٹس کے مطابق عام ٹوائلٹس انسانی فضلے کو براہ راست پانی میں شامل کردیتے ہیں۔ اس کے برعکس ان کی فاؤنڈیشن کے تیار کردہ ٹوائلٹس انسانی فضلے کو کیمیائی عمل سے گزار کر انہیں جلا دیتے ہیں جس کے بعد ان میں سے بدبو غائب ہوجاتی ہے جبکہ بیماریاں پیدا ہونے کا امکان بھی ختم ہوجاتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ محفوظ سینی ٹیشن سسٹم ترقی پذیر ممالک کے لیے بے حد ضروری ہے۔

گیٹس فاؤنڈیشن نے سنہ 2011 سے اس پروجیکٹ پر کام کا آغاز کیا تھا اور 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی، اب فاؤنڈیشن اس پر مزید سرمایہ کاری کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ ان ٹوائلٹس کو دنیا بھر میں پھیلایا جاسکے۔

ان ٹوائلٹس کی تیاری میں چینی اداروں کی معاونت بھی شامل ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں