اسلام آباد: سی بی آر ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپوں کے گھپلے پر سوسائٹی کے صدر الطاف بھٹ سمیت دیگر عہدے داروں کے خلاف مقدمات درج کر دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر کرپشن کی تحقیقات کے بعد ایف آئی اے نے متعدد مقامات پر چھاپے مار کر سوسائٹی کے سیکریٹری چودھری نذیر اور زمین مہیا کرنے والے ٹھیکے دار لیاقت رانا کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ الطاف بھٹ اور دیگر نامزد ملزمان کے خلاف چھاپے جاری ہیں، ملزمان روپوش ہو گئے ہیں، الطاف بھٹ سمیت دیگر عہدے داروں نے زمین کی خریداری کے معاہدے کیے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق اس کیس میں زمین کا قبضہ لیے بغیر کروڑوں روپے کی ادائیگیاں کی گئی تھیں، سوسائٹی کے عہدے داروں نے زمین کا قبضہ نہیں لیا اور فرنٹ مین کو 91 کروڑ 18 لاکھ روپے ادا کر دیے۔
سوسائٹی عہدے داروں نے ایک اور فرنٹ مین سے زمین کا معاہدہ کیا اور 19 کروڑ سے زائد ادا کر دیے۔
ایف آئی اے کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ زمین خریداری کے معاہدے حد سے زیادہ مہنگے کیے گئے، سوسائٹی عہدے داروں نے فیس ادا کیے بغیر رہائشی پلاٹوں کو کمرشل میں بدل دیا، اور زمین کی خریداری کے معاملے پر سوسائٹی کو 85 کروڑ 45 لاکھ کا نقصان پہنچایا گیا۔
سوسائٹی کے عہدے دار ممبران کے حقوق کے تحفظ میں ناکام رہے، ایف آئی اے کی جانب سے سوسائٹی کے صدر الطاف بھٹ سمیت 18 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔