بھارت میں ناگپور کے مختلف علاقوں سے مرغیوں میں برڈ فلو کی علامات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق برڈ فلو کے سبب 3ہزار مرغیاں مرگئیں، جس کے بعد انتظامیہ نے انہیں ٹھکانے لگاکر ضروری اقدامات شروع کردیئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ناگپور شہر کے مشہور تاج باغ علاقے میں واقع یاسین پلاٹ میں موجود ایک چکن سینٹر میں بڑی تعداد میں مرغیوں کے مرنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
انتظامیہ نے مذکورہ چکن سینٹر پہنچ کر مرغیوں کے نمونے حاصل کرکے بھوپال کی لیباریٹری روانہ کردیا، وہاں سے رپورٹ موصول ہوئی ہے کہ مرغیوں میں برڈ فلو کی علامتیں موجود ہیں۔
ناگپور میونسپل کارپوریشن کے محکمہ صحت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے 3 ہزار سے زائد مرغیوں کو ٹھکانے لگادیا۔ مرغیوں کے ساتھ ان کے کھانے پینے میں استعمال ہونے والی اشیاء کو بھی تلف کردیا گیا۔
محکمہ صحت نے یاسین پلاٹ اور اطراف ایک کلو میٹر کے علاقے کو الرٹ ژون قرار دیدیا اور یہاں مرغیوں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کر دی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چندر پور میں بھی مرغیوں میں برڈ فلو کی علامتیں پائی جا چکی ہیں۔ جنوری کے آخر میں چندر پور کے مانگلی گاؤں میں ایک پولٹری فارم میں کچھ مرغیاں اس بیماری میں مبتلا ہوگئی تھیں۔
برڈ فلو وائرس کی نئی قسم جانوروں میں پھیلنے لگی
متعلقہ حکام کو اس حوالے سے اقدامات کی ہدایت جاری کردی گئی تھی، فی الحال اس علاقے میں مرغیوں کی خرید وفروخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔