برمنگھم: برطانیہ کے شہر برمنگھم میں گھر میں دھماکے کے نتیجے میں خاتون ہلاک جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے۔
برطانوی پولیس نے برمنگھم کے علاقے کنگ اسٹینڈنگ میں ڈیلوچ اسٹریٹ پر پیش آئے افسوسناک واقعہ کی تفصیلات جاری کردی ہیں، پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیات کے مطابق گھر میں ممکنہ طور پر گیس کا دھماکہ ہوا، جس سے گھر مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ دھماکے سے اردگرد کے گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث حکام نے ملحقہ گھروں کو بھی خالی کروالیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ میں ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہوگئی جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔ اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے دیگر زخمی افراد کو معمولی چوٹیں آئی جنہیں طبی امداد دے کر ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
حکام کی جانب سے دھماکے میں ہلاک والی خاتون کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی مزید تحقیات جاری ہیں۔