ریاض: سرکاری محکمے کی جانب سے پیدائش کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا آسان طریقہ بتایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں محکمہ احوال مدنیہ (سول افیئرز) نے ’ابشر‘ سے نومولود کے آن لائن اندراج اور برتھ سرٹیفیکٹ جاری کرانے کے طریقہ کار کی وضاحت کر دی ہے۔
سول افیئرز نے کہا ہے کہ بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن اور برتھ سرٹیفیکٹ کے لیے نئی سہولت دی گئی ہے، اس سے قبل برتھ سرٹیفیکٹ کے حصول کے لیے احوال مدنیہ کے دفتر جانا پڑتا تھا لیکن اب یہ کام آن لائن انجام دیے جا سکتے ہیں۔
محکمے کا کہنا ہے کہ ابشر پلیٹ فارم کے ذریعے نومولود کا اندراج اور برتھ سرٹیفیکٹ کا اجرا ممکن ہے، اس مقصد کے لیے چار کام کرنا ہوں گے۔
سب سے پہلے ابشر اکاؤنٹ میں اندراج کرائیں، سروسز کے خانے کو پش کریں اور پھر احوال مدنیہ کا انتخاب کریں، اس کے بعد نومولود کے اندراج والی سروس کو منتخب کیا جائے۔
برتھ سرٹیفیکٹ سعودی پوسٹ کے ذریعے آپ کے پتے پر مل جائے گا، اس کے لیے محکمے کے دفتر جانے کی بھی ضرورت نہیں پڑے گی۔
محکمہ احوال مدنیہ کے مطابق مملکت کے پانچ علاقوں میں موبائل ٹیمیں بھی مختلف سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، اور اس سروس کو ’ناتی الیک‘ (ہم آپ تک پہنچ رہے ہیں) کا عنوان دیا گیا ہے۔
یہ سہولت خاص طور پر ایسی بستیوں، تحصیلوں اور کمشنریوں کے باشندوں کو دی جا رہی ہے جن کی احوال مدنیہ کے دفتر تک رسائی مشکل ہوتی ہے۔