ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

برطانوی وزیر اعظم کے ہاں بیٹی کی پیدائش

اشتہار

حیرت انگیز

لندن: برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بیٹی کے باپ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن اور ان کی اہلیہ کیری جانسن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ بورس اور کیری جانسن نے بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا ہے جو کہ وزیر اعظم بننے کے بعد ان کا دوسرا بچہ ہے۔

مسز جانسن نے جمعرات کو لندن کے ایک اسپتال میں بچے کو جنم دیا تھا، اور وزیر اعظم جانسن بھی وہاں موجود تھے۔ جوڑے کے ایک ترجمان نے کہا کہ ماں اور بیٹی دونوں صحت مند ہیں، اور ہم نیشنل ہیلتھ سروس کی ٹیم کا ان کی دیکھ بھال اور مدد کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

رواں سال مئی میں شادی کرنے والے اس جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے جس کا نام ولفریڈ ہے جو اپریل 2020 میں پیدا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ یہ اچھی خبر وزیر اعظم جانسن کے لیے ایک ہنگامہ خیز ہفتے کے دوران سامنے آئی ہے، انھیں کرونا وائرس کی نئی پابندیوں، اور گزشتہ برس ڈاؤننگ اسٹریٹ میں منعقد ہونے والی پارٹیوں پر شدید عوامی اور سیاسی رد عمل کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم کی اہلیہ نے جولائی میں انسٹاگرام پر اس بچے کی خبر کا اعلان کیا تھا، جس میں یہ بھی انکشاف کیا گیا تھا کہ انھیں کچھ ماہ قبل اسقاط حمل بھی ہوا تھا۔

بورس جانسن کی اہلیہ نے انسٹاگرام پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ "دھنک بچی” کی امید کر رہی ہیں، انھوں نے لکھا کہ میں دوبارہ ماں بننے پر ناقابل یقین حد تک خوشی محسوس کر رہی ہوں۔ "رینبو بے بی یا دھنک بچی” کی اصطلاح اس بچے کے لیے استعمال ہوتی ہے جو اسقاط حمل، مردہ پیدائش یا نوزائیدہ کی موت کے بعد پیدا ہوا ہو۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں