نئی دہلی: بھارت میں کرونا بحران کے دوران عجیب الخلقت بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست کولکتہ میں خاتون نے ایک ایسے بچے کو جنم دیا ہے جس کی آنکھیں، کان اور ناک موجود نہیں ہے۔
رپورٹ کے مطابق کولکتہ کے قریبی ضلع ہوڑہ کے شیب پور کی رہائشی خاتون کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی لیکن یہ بچہ دیگر بچوں کی طرح نارمل نہیں ہے، بچے کی آنکھیں، کان اور ناک نہیں ہے، جلد کی عجیب و غریب بیماری کے ساتھ بچے کا جنم ہوا۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس بیماری کا نام ’ہارلے کوٸن اکتھاٸسیس‘ ہے اور دنیا بھر میں کم و بیش دو سو بچے اس بیماری کے ساتھ جنم لے چکے ہیں، یہ بیماری پانچ لاکھ افراد میں سے کسی ایک کو متاثر کرتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کولکتہ میں اس بیماری کے ساتھ جنم لینے والا یہ پہلا بچہ ہے جبکہ عراق و دیگر ممالک سمیت دہلی، مہاراشٹرا میں بھی ہارے کوئن اکتھائسیس کی بیماری کے ساتھ بچوں کا جنم ہوچکا ہے۔
ڈاکٹروں نے دوران حمل لاپرواہی برتنے کو اس بیماری کی وجہ قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچے کے علاج کے لیے ڈاکٹرز کی ٹیم سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے جبکہ ماں کو بھی نومولود سے الگ رکھا گیا ہے اور ریاستی محکمہ صحت کو بھی بچے کی پیدائش کے حوالے سے اطلاع دے دی گئی ہے۔