بریانی مقبول اور سب کا پسندیدہ پکوان ہے جسے نہ صرف پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش بلکہ دیگر جنوبی ایشیائی ممالک میں بھی ایک خاص مقام حاصل ہے۔ اسے شادیوں، عید اور خوشی کی تقریبات کا لازمی حصہ سمجھا جاتا ہے۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آن لائن فوڈ ڈیلیوری کمپنی سوئگی نے آرڈرز کی سالانہ رپورٹ جاری کی ہے جس میں بتایا گیا کہ بھارتی شہریوں نے 2024 میں بریانی کی کتنی پلیٹیں کھائیں۔
سوئگی کے مطابق سال بھر میں سنگل پلیٹ کے 83 آرڈرز ملے اور یوں ہر منٹ کے حساب سے 158 شہریوں نے یہ پکوان کھانے کیلیے رابطہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: چکن بریانی 39 سالہ شخص کی موت کا سبب کیسے بنی؟
کمپنی کے یکم جنوری سے 22 نومبر 2024 تک کا ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ اس سال کھانوں میں اس کو سب سے زیادہ پسند کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق کمپنی کو چکن بریانی کے 49 ملین آرڈرز موصول ہوئے، سب سے زیادہ حیدر آباد (9.7 ملین)، بنگلورو (7.7 ملین) اور چنئی (4.6 ملین) سے آرڈرز ملے۔
اسی طرح مٹن بریانی حیدر آباد میں سب سے زیادہ مقبول رہی جہاں 2.2 ملین آرڈرز ملے۔
سوئگی نے یہ بھی بتایا کہ 2.8 ملین ایسے شہری بھی ہیں جنہوں نے بریانی کے علاوہ کسی اور پکوان کو سرچ نہیں کیا۔