بشکیک سے ایک اور خصوصی پرواز پاکستان پہنچ گئی لیکن کرغزستان سے وطن واپسی کے 125 خواہشمند طلبا ایئر پورٹ پر پھنس گئے۔
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں افسوسناک واقعے کے بعد پاکستانی طلبا کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی پی آئی اے کی خصوصی پرواز 171 طلبا کو لے کر پشاور ایئرپورٹ پہنچی ہے لیکن بشکیک سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ منسوخ کردی گئی ہے۔
طلبہ کا کہنا ہے کہ بشکیک سے اسلام آباد آنے والی فلائٹ منسوخ کردی گئی ہے، ہم مناس ائیر پورٹ پر پھنس چکے ہیں نہ پاکستان آسکتے ہیں نہ واپس جاسکتے ہیں، طلبہ نے شکوہ کیا کہ متعلقہ حکام ہمارے معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہے۔
دوسری جانب سی اے اے ترجمان کا کہنا ہے کہ خصوصی پرواز کی آمد ورفت وزارت خارجہ کی ہدایات سے مشروط ہے، وزرات خارجہ کے شیڈول کے مطابق پروازیں آپریٹ ہوتی ہیں، سفارتخانے کی لسٹ کے مطابق ہی طلبہ کو بورڈنگ جاری کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج مناس سے پرواز نے 125 طلبہ کو لے کر آج اسلام آباد کے لیے روانہ ہونا تھا۔