بدھ, مئی 7, 2025
اشتہار

امریکی وی لاگر کو بھارت میں کیا تلخ تجربہ ہوا؟

اشتہار

حیرت انگیز

ایک امریکی وی لاگر خوشی خوشی بھارت پہنچا لیکن یہاں پہنچ کر ایسا تلخ تجربہ ہوا کہ آئندہ اس نے انڈیا میں ٹرین کا سفر کرنے سے توبہ کر لی۔

آج کل ویڈیو بلاگ کا دور ہے اور سوشل میڈیا پر وی لاگرز مختلف موضوعات پر ویڈیو بلاگ بنا کر پوسٹ کرتے رہتے ہیں اور کئی وی لاگرز تو اپنے وی لاگ کے لیے مختلف ممالک کا سفر بھی کرتے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق نک میڈاک کا تعلق امریکی ریاست میسوری سے ہے۔ وہ اپنے وی لاگ کے لیے بھارت پہنچے تھے اور وارانسی سے نیو جلپائی گوڑی تک کا 15 گھنٹے کا ٹرین کا سفر کیا جو امریکی وی لاگر کے لیے زندگی کا تلخ ترین تجربہ ثابت ہوا۔

نک میڈاک نے بتایا کہ انہوں نے دو افراد کی تجویز پر تھرڈ کلاس اے سی کوچ سے سفر کیا، جس نے انہیں اسپتال پہنچا دیا۔

امریکی وی لاگر کو سفر کے باعث نظام تنفس کی شدید تکلیف ہوئی جس کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا۔

نک نے اسپتال سے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس کا متن تھا کہ اگر انڈین سلیپر ٹرین سے سفر کریں گے تو اس کانتیجہ یہ ہوگا۔

امریکی ولاگر نے ٹرین کے باتھ روم کی ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اس کی خراب حالت اور گندگی کو دکھایا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے آئندہ ٹرین کے سفر سے توبہ کر لی۔

نک میڈاک جو اس وقت بھوٹان کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اب طبیعت پہلے سے بہتر ہے لیکن مکمل صحتیابی میں کافی وقت لگے گا۔

امریکی وی لاگر گزشتہ 6 برسوں میں 120 ممالک کا سفر کر چکے ہیں اور وہ بھارت میں ٹرین کے اس سفر کو سب سے تلخ قرار دیتے ہیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں