نئی دہلی : آریان خان منشیات کیس کے ایک گواہ نے شاہ رخ خان کے بیٹے کو باقاعدہ منصوبہ بندی کرکے پھنسانے کا انکشاف کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ بھارتی انسداد منشیات فورس (این سی بی) نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو منشیات استعمال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جس کے گواہ نے حیران کن انکشاف کیا ہے۔
گواہ وجے پگارے نے 4 نومبر کو ممبئی پولیس کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو اپنے بیان میں کہا کہ آریان خان کو منصوبہ بندی کے تحت منشیات کیس میں پھنسایا گیا ہے کیوں کہ منشیات کیس کچھ لوگوں کا پیسہ کمانے کا ذریعہ ہے۔
وجے پگارے نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے پاس منشیات کیس میں منصوبہ بندی کے تحت آریان خان کو پھنسانے کی وجوہات ہیں اور اس کیس میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارتی منیش بھانوشالی مبینہ طور پر ملوث ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ’27 ستمبر کو اس منصوبےکو پوری حکمت عملی کے تحت حتمی شکل دی گئی جبکہ 2 اکتوبر کو کروز شپ پر چھاپہ مارا گیا’۔
خیال رہے کہ کروز شپ منشیات کیس میں گرفتار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو کچھ روز قبل ہی ضمانت پر رہائی نصیب ہوئی ہے۔