سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جی پی اے کمپلیکس گوادر پر بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 8 دہشتگردوں کے ایک گروہ نے گوادر پورٹ اتھارٹی میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی اس کوشش کو ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام 8 دہشتگرد مارے گئے جن سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، دہشتگردوں سے بہادری سے لڑتے ہوئے فورسز کے 2 اہلکار شہید ہوئے۔
شہدا میں ڈی جی خان کے 35 سالہ سپاہی بہار خان اور خیرپور کے 28 سالہ سپاہی عمران علی شامل ہیں۔
فورسز بلوچستان میں امن و استحکام سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنا دیں گے۔ بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں گوادر پورٹ اتھارٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عملے کے گھر اور کئی دفاتر ہیں۔
ابتدائی تفصیلات میں بتایا گیا تھا کہ کمپلیکس میں مسلحہ افراد داخل ہوئے تھے جس کے بعد دھماکے اور فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔
حملے کے خلاف سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری رہی جبکہ صورتحال پر قابو پانے کیلیے مزید نفری کو طلب کیا گیا تھا۔