اسلام آباد: وزارت داخلہ نے قومی سطح پر 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر اور 15 اگست کو یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے قومی سطح پر 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق 15 اگست کو یوم سیاہ منایا جائے گا، 15 اگست کو یوم سیاہ کے باعث پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
گزشتہ روز وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں بھارت کے ساتھ سفارتی تعلقات محدود کرنے اور دو طرفہ تجارت معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔
بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔