بھارت کی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں ایک زیرِ تفتیش قیدی کے پیٹ سے نکلنے والی چیزیں دیکھ کر ڈاکٹرز حیران رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چوری کی متعدد وارداتوں میں قید 19 سالہ ملزم کو پیٹ میں درد کی شکایت پر عثمانیہ جنرل اسپتال منتقلی کیا گیا جہاں اس کا ایکسرا اور مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔
ایکسرے دیکھ کر ڈاکٹرز حیران رہ گئے کہ مریض کے پیٹ میں کیلیں، لوہے کے ٹکڑے، ناخن اور منشیات گانجا کا پیکٹ موجود ہے۔
ڈاکٹروں نے فوراً آپریشن کرتے ہوئے قیدی کے پیٹ سے ان چیزوں کو نکال لیا اور اب اس کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے۔
چنچل گوڑہ جیل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر بی ناگیندر نے بتایا کہ قیدی نے غصے اور مایوسی کی وجہ سے مذکورہ اشیاء کو نگلنے کا اعتراف کیا۔
ڈاکٹر بی ناگیندر کے مطابق قیدی کو پیٹ میں شدید درد کے ساتھ اسپتال لایا گیا تھا، اگرچہ قیدیوں کا ایسی چیزیں نگل لینا غیر معمولی بات نہیں لیکن اس کیس میں ہر کوئی حیران رہ گیا۔
جیل حکام پتا لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ قیدی کو ان چیزوں تک رسائی کیسے حاصل ہوئی تاکہ آئندہ کیلیے اقدامات اٹھائئ جا سکیں۔