پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ہوگیا، واقعے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق نوشہرہ اضاخیل پایان میں بارودی مواد ناکارہ بناتے ہوئے دھماکہ ہوگیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) منصور امان کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔
ان کے مطابق پولیس نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا ہے جبکہ ریسکیو اداروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی شو مارکیٹ میں دھماکہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
ڈی آئی جی کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد خریدار بن کر آئے اور بارودی مواد دکان میں رکھ گئے، دہشت گردوں نے کوئٹہ کے عوام کو نشانہ بنایا ہے۔
وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا لانگو نے کہا تھا کہ دہشت گردوں کو ہمسایہ دشمن ملک کی پشت پناہی حاصل ہے، دہشت گردی کی لہر گزشتہ 2 دہائیوں سے چل رہی ہے۔