تازہ ترین

پشاور: پولیس موبائل کے قریب بارودی مواد کا دھماکہ، 8 افراد زخمی

پشاور: پشاور میں ورسک روڈ پر پولیس موبائل کے قریب بارودی مواد کے دھماکہ میں 6 پولیس اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پشاور کے علاقہ ورسک روڈ پر درمنگو کے مقام پر پولیس موبائل کے قریب نصب بارودی مواد کے پھٹنے سے 6 پولیس اہلکار اور 2 راہگیر زخمی ہوگئے۔ باردی مواد سڑک کنارے نصب کیا گیا تھا۔ زخمی ہونے والے اہلکار پولیس کے ریپڈ رسپانس فورس کے اہلکار تھے جو معمول کے گشت پر تھے۔

زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

بی ڈی یو کے مطابق سڑک کنارے نصب بم گھی کے ڈبے میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے میں 4 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔

واقعہ کے بعد سیکیورٹی اہلکاروں اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شاہراہ کو مکمل طور پر بند کردیا گیا۔ تاحال علاقہ کو کلیئر نہیں کیا گیا اور سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے ملزمان کی تلاشی کا عمل جاری ہے۔

واضح رہے کہ اب سے چند روز قبل پشاور میں ہی متھرا کے علاقے میں پولیس موبائل کے قریب دھماکے کے نتیجہ میں ایک اہلکار شہید ہوچکا ہے۔

اس سے قبل ورسک روڈ پر ہی واقع کرسچن کالونی میں 4 دہشت گرد ناپاک عزائم لے کر داخل ہوئے تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گھیر لیا اور فائرنگ کے تبادلے میں چاروں دہشت گرد مارے گئے۔ دہشت گرد دستی بم، ایس ایم جی گنوں اور خود کش جیکٹ سے مسلح تھے۔

Comments