کابل: افغانستان میں روسی سفارت خانے کے قریب دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں سفارتی عملے کے دو افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق دھماکا کابل میں روسی سفارتی مشن کے قریب ہوا، جہاں نامعلوم حملہ آوروں نے روسی سفارتخانے کے قونصلر سیکشن کے داخلی دروازے پر دھماکہ خیز مواد سے حملہ کیا۔
روس کی وزارت خارجہ نے کابل میں ہونے والے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ حملے میں مارے گئے دونوں ڈپلومیٹک مشن کے ملازمین تھے جبکہ زخمیوں میں متعدد افغانی شہری بھی شامل ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بم دھماکے کے وقت کثیر تعداد میں افراد جائے حادثے پر موجود تھے جس کے باعث خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ واقعے کی تحقیقات کرنے والی افغان سیکیورٹی سروسز سے قریبی رابطے میں ہے۔
یاد رہے کہ کابل میں طالبان کے کنٹرول کے بعد افغانستان میں چند ملکوں کے سفارتی مشن ہی کام کر رہے ہیں جن میں روس بھی شامل ہے۔