کولمبو: پاکستانی بلے باز بدر منیر کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کو ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر فتح اپنے نام کرلی۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی بلائنڈز ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ کولمبو کے ایم سی اے گراؤنڈ میں کھیلا گیا۔
سری لنکا کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم 31.5 اوورز میں 216 پر ڈھیر ہوگئی، سمان کمارا 42 اور سلوا 26 کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
تعاقب میں پاکستان نے 18.3 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر ہدف مکمل کیا اور فتح اپنے نام کی۔ پاکستان کی جانب سے بدر منیر نے 64 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ایوب خان نے 55 رنز بنا کر ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ ایوب خان 55 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔
دونوں ٹیموں کے مابین دوسرا میچ کل کولمبو کے بی آر سی گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم منگل کے روز سری لنکا روانہ ہوئی تھی، اس موقع پر کپتان نثار احمد کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہماری ٹیم پوری تیاری کے ساتھ کولمبو جارہی ہے، ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کریں گے۔
اُن کا کہنا تھاکہ ’تمام کھلاڑی بھرپور فٹ اور سری لنکا کے خلاف پرفارمنس دینے کو تیار ہیں، ورلڈکپ میں ہماری ٹیم دوسرے نمبر پر رہی مستقبل میں بھی اس کارکردگی کا جاری رکھا جائے گا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ ’جو کھلاڑی اچھا پرفارم نہیں کرے گا اُن کا بیک اپ موجود ہے، سری لنکا کی ٹیم کو سیریز میں وائٹ واش کرنے کی کوشش کریں گے‘۔