بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی آمد جاری ہے سری لنکا افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں۔
چوتھا بلائنڈ ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ 23 نومبر سے لاہور میں کھیلا جا رہا ہے۔ ٹورنامنٹ کے لیے غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد جاری ہے۔
سری لنکا کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان پہنچ گئی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے عہدیداران نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
سری لنکا سے قبل افغانستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں پاکستان پہنچ چکی ہیں جب کہ نیپال کی ٹیم آج واہگہ کے راستے لاہور پہنچے گی۔
بنگلہ دیش کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم بھی آج رات پاکستان آ جائے گی جب کہ دیگر ٹیموں کی آمد اگلے روز متوقع ہے۔
بھارت جو بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ تاہم مودی سرکار نے اس میں بھی سیاست کو گھسیٹ لیا اور ٹیم کو پاکستان جانے کی اجازت نہیں دی جس کے باعث بھارت بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئی ہے۔
قوانین کے مطابق بھارت کے واک اوور دینے کے باعث اس کے پوائنٹس دیگر ٹیموں کو دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ 23 نومبر سے 3 دسمبر تک پاکستان میں شیڈول ہے۔